منگلورو:10/اپریل(ایس اؤنیوز) پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی ) مجھے ٹارگٹ کررہی ہے۔ فطری طورپر نیم کے درخت کو کوئی بھی پتھر نہیں مارتا، بلکہ آم کے درخت کو ہی پتھر مارتے ہیں۔ چونکہ میں انسانیت کی بنیاد پر کام کرتاہوں اسی لئے مجھے ٹارگیٹ کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی کابینہ کے وزیر برائے غذائی اور شہری سپلائی یوٹی قادر نے کیا۔
منگلورو میں اخبارنویسوں کےسوال پر وزیر قادر نے مندرجہ بالا وضاحت کی ۔ انہوں نے بتایا کہ احمد قریشی نامی نوجوان پر جس حملے کی بات کہی جارہی ہے اور احتجاجیوں پر کی گئی لاٹھی چارج معاملے کی جانچ کے لئے بہت جلد جانچ آفیسر کو نامزد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی بنیاد پر احمد قریشی کو دیکھنے وہ اسپتال گئے تھے، کیونکہ ان کے بھائی نے ہمیں بتایا تھا کہ قریشی کسی بھی تنظیم یا ادارے سے منسلک نہیں ہے اور نہ کسی جرم کےمعاملات میں وہ ملوث ہے۔ معاملے کو لے کر میں وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ کو بھی رپورٹ دینے کے لئے زخمیوں سے ملاقات کی تھی اس سلسلے میں بہت جلد رپورٹ سونپی جائے گی۔
یوٹی قادر کی اے ایس آئی آئتپا سے ملاقات:
حملہ کا شکار ہوکر اسپتال میں زیر علاج اے ایس آئی ،آئیتپا سے اسپتال جا کر وزیر یوٹی قادر نےملاقات کرتے ہوئے خیر خیریت دریا فت کی۔ اور اےایس آئی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے وزیر نے بتایا کہ اپنی ڈیوٹی کو انجام دینے میں کسی طرح کا خوف محسوس نہ کریں، جرأت کے ساتھ فرائض کو انجام دیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ خاطیوں کے خلاف لازماً کارروائی ہوگی ۔